بنگلورو،7/مئی(ایس او نیوز) سابق وزیراعظم آنجہانی راجیو گاندھی کے متعلق وزیر اعظم مودی کے نازیبا تبصرے پر آج سابق وزیراعلیٰ اور کانگریس لیجسلیچر پارٹی لیڈر سدرامیا نے شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے کہاکہ پچھلے چند دنوں سے مودی کے بیانات پر ان کی بوکھلاہٹ کا مظہر بنے ہوئے ہیں۔ اقتدار چھن جانے کا خوف ان بیانات سے صاف ظاہر ہورہا ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مودی کا یہ بیان انتہائی شرمناک ہے کہ سابق وزیراعظم آنجہانی راجیو گاندھی نے رشوت لیتے لیتے جان قربان کردی۔ انہوں نے کہاکہ وطن عزیز کے لئے دہشت گردوں کے حملے میں اپنی جان قربان کرنے والے راجیو گاندھی کے متعلق بیان بازی کرکے مودی نے ثابت کردیا ہے کہ اب ان کا ذہنی توازن بر قرار نہیں ہے۔ عہدہئ وزیر اعظم پر رہتے ہوئے انہوں نے جو غیر ذمہ دارانہ بیانات شروع کئے ہیں انہیں دیکھتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انہیں کسی پاگل خانے میں بھرتی کرادیا جائے تا کہ ان کا علاج کیا جاسکے۔ سدرامیا نے کہاکہ مودی سے ان کی یہی توقع ہے کہ ان کی ذہنی علالت کا علاج جلد ہوجائے۔ انہوں نے کہاکہ پچھلے پانچ سالوں کے دوران دنیاکے کونے کونے میں گھوم پھر کر اور ہر عوامی یا سرکاری جلسوں میں جھوٹ بول بول کر اس قدر تھک چکے ہیں کہ اب انہیں آرام کی ضرورت ہے۔ ملک کے عوام انہیں آرام دینے جارہے ہیں، مودی کو چاہئے کہ اس وقت کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنا ذہنی علاج کروالیں۔ سابق وزیراعلیٰ نے کہاکہ بی جے پی کے ہر لیڈر کے بیان سے ہار کا خوف کھل کر سامنے آرہا ہے، چاہے وہ مودی ہوں یڈیورپا ہو ں یا پھر ایشورپا۔